حیدرآباد ۔ ایس ایس راجامولی کی فلموں کا ایک الگ ہی انداز ہے۔ انہوں نے باہوبلی، باہوبلی 2 اور آرآرآر جیسی زبردست فلمیں بنائی ہیں۔ شائقین ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔ راجامولی کا اگلا پروجیکٹ ساؤتھ کے سوپر اسٹار مہیش بابو کے ساتھ ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب راجامولی اور مہیش بابو ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ فی الحال اس فلم کا نام ایس ایس ایم بی 29 رکھا گیا ۔ اس فلم کے حوالے سے ایک تازہ خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق باہوبلی کے اداکار ناصر مہیش بابو اور ایس ایس ایم بی 29 کی کاسٹ کو بولی کا ہنر سکھانے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بولی کے ہنر سکھانے کے لیے کئی ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ فلم میں اداکاروں کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس سے صاف طور پر سمجھا جا سکتا ہے کہ راجامولی اس فلم کو بہتر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے اور نہ ہی کسی قسم کا سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں۔ ناصر اس سے پہلے مہیش بابو کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ناصر اور مہیش بابو ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی دونوں کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ اس فہرست میں اتھاڈو(2005)، پوکیری (2006)، دوکوڈو (2011) اور آگاڈو (2014) جیسی فلمیں شامل ہیں۔ مہیش بابو کی سالگرہ9 اگست کو ہے اوراس دن ایس ایس راجامولی فلم میں مہیش بابو سے متعلق ایک خاص ویڈیو جاری کرنے والے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ مہیش بابو کی فلموں کی بات کریں تو وہ آخری بارگنٹور کارم میں نظر آئے تھے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ سری لیلا، رامیا کرشنا اور جگپتی بابو جیسے ستارے نظر آئے تھے۔ 150 کروڑ روپے میں بنی اس فلم نے 180.5 کروڑکا بزنس کیا ۔