دہلی فسادات میں مرنے والوں کی تعداد 50 تک ہو سکتی ہے کیونکہ صرف جی ٹی بی اسپتال نے ہی 33 اموات کی تصدیق کی ہے۔ کئی دیگر اسپتالوں میں بھی زخمیوں کا علاج چل رہا ہے اور وہاں ہوئی ہلاکتوں کی خبر نہیں۔دہلی میں ہوئے فسادات میں مہلوکین کی تعداد 50 تک ہو سکتی ہے، کیونکہ ابھی تک صرف ’آفیشیل نمبر‘ ہی بتایا جا رہا ہے۔ اندیشہ ہے کہ یہ تعداد زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ دہلی کے دوسرے اسپتالوں میں بھی زخمیوں کو علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ ابھی تک تنہا شمال مشرقی دہلی کے دلشاد گارڈن واقع گرو تیغ بہادر اسپتال نے 33 اموات کی تصدیق کی ہے، بقیہ اسپتالوں سے ہلاکتوں کے تعلق سے کوئی خبر نہیں آئی ہے۔جی ٹی بی اسپتال کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’جی ٹی بی اسپتال میں 33 لوگوں کی موت آفیشیل ریکارڈ میں درج کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پیر سے اب تک 225 سے زیادہ لوگوں کے علاج کیلیے اسپتال لایا گیا ہے، ان میں سے 55 لوگ اب بھی اسپتال میں داخل ہیں جن میں سے 3 آئی سی یو میں ہیں‘‘۔