مہلوکین کے ورثاء کو پرسہ دینے پر گرفتاری غیر جمہوری عمل

   

ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی پولیس اسٹیشن منتقلی پر محبوب نگر کانگریس کمیٹی کا احتجاج

محبوب نگر۔رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی صدر ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اور سابق ایم پی ملوروی جو سری سیلم پراجکٹ کے ہائیڈرو الکٹریکل پاور اسٹیشن میں آتشزدگی اور اس کے نتیجہ میں 9 افراد کی ہلاکت کے مقام حادثہ کا معائنہ کرنے کیلئے جارہے تھے انہیں ناگر کرنول پولیس نے گرفتارکرتے اپو ننتلہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ان کے علاوہ ناگر کرنول ضلع کانگریس کے صدر ومشی چند ریڈی کو بھی حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ اس واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ضلع کانگریس محبوب نگر کے صدر نے کانگریس کارکنوں کے ساتھ محبوب نگر میں پولیس اسٹیشن کے روبرو دھرنا دیا۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ متذکرہ قائدین حادثہ کے مہلوکین کے ورثاء کو پرسہ دینے کیلئے جارہے تھے انہیں گرفتار کرلیا گیا جو کہ غیر جمہوری عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محروس قائدین کو فی الفور رہا کیا جائے ۔ مہلوکین کے ارکان خاندان کو تمام ترمراعات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر ریاستی کانگریس سکریٹری این پی وینکٹیش ایڈوکیٹ، ٹاؤن صدر لکشمن یادو، عظمت علی، سراج قادری، طاہر قادر، ملیش، راملو اور دیگر موجود تھے۔