وزیر شہری ہوا بازی کا ریاستی گورنر ، چیف منسٹر و دیگر کے ساتھ طیارہ حادثہ کے مقام کا معائنہ
کوزی کوڈ: شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے ہفتے کے روز کالی کٹ طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو دو لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ کم زخمی لوگوں کو 50 ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔دریں اثنا ، ریاستی وزیر اعلی پنارائی وجین نے بھی طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ہردیپ سنگھ پوری نے آج ریاستی گورنر عارف محمد خاں چیف منسٹر پی وجین اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائے حادثے کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے مہلوکین کے ورثاء کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اس دوران تحقیقاتی ٹیم نے بتایا کہ حادثہ کا شکار طیارہ کا بلیک باکس حاصل ہوگیا ہے ۔ ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پیٹ وائس ریکارڈر بھی تحقیقاتی ٹیم نے برآمد کرلیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ان کے ذریعہ طیارہ کے حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلانے میں مدد ملے گی ۔ ان آلات میں حادثہ سے قبل کی تفصیلات طیارہ کا موقف ، اس کی رفتار اور پائیلٹ اور ایر ٹرافک کنٹرول کے درمیان ہوئی بات چیت حاصل ہوگی ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے بتایا کہ حادثہ کا شکار طیارہ کے کیپٹن نے کوزی کوڈ ایرپورٹ پر 27 مرتبہ طیارہ کو لینڈنگ کی تھی ۔ حادثہ کے مقام کا معائنہ کرنے کے بعد ریاستی گورنر عارف محمد خاں نے دیگر کے ساتھ مالاپورم اور کوزی کوڈ کے دواخانوں میں شریک زخمیوں کی عیادت بھی کی ۔ جمعہ کی رات دیر گئے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں حصہ لینے والے رضاکاروں اور مقامی لوگوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے وجین نے کہا کہ طیارے کے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو تمام ضروری طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی ۔ وندے بھارت مشن کے تحت دوبئی سے 191 مسافرین کے ساتھ یہ طیارہ کوزی کوڈ ایرپورٹ پہنچا تھا ۔