حکومت نے علاج کی ذمہ داری قبول کی، پونم پربھاکر نے چیوڑلہ ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی
حیدرآباد ۔ 3 ۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے چیوڑلہ مرزا گوڑہ گاؤں میں پیش آئے بس اور ٹرک کے تصادم کے واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی ہدایت دی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے چیوڑلہ ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کے علاج کی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن مدد اور موثر علاج کا بھروسہ دلایا ۔ پونم پربھاکر نے مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس 7 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا جبکہ زخمیوں کو دو لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا جبکہ آر ٹی سی سے دو لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ زخمیوں کو فی کس دو لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان کرکے پونم پربھاکر نے کہا کہ زخمیوں کے علاج کی ذمہ داری حکومت قبول کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی وجوہات کا پتہ چلانے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ بس حادثہ میں 19 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جن میں 8 مرد اور ایک کمسن شامل ہیں۔پونم پربھاکر نے کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سیاسی فائدہ کی کوشش افسوسناک ہے۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت سے تعاون کی بجائے سیاسی بیانات سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی عدم توسیع کے سبب یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ پونم پربھاکر کے مطابق ٹپر کا ڈرائیور رانگ روٹ سے آرہا تھا جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے آر ٹی سی ایم ڈی ناگی ریڈی سے فون پر بات کی اور انہیں مقام حادثہ پہنچنے کی ہدایت دی۔ وزیر آئی ٹی سریدھر بابو اور رکن کونسل مہیندر ریڈی کے ہمراہ پونم پربھاکر نے چیوڑلہ ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے ڈاکٹرس سے کہا کہ پوسٹ مارٹم کی جلد تکمیل کرکے نعشوں کو ورثاء کے حوالے کیا جائے ۔ نعشوں کی منتقلی کیلئے حکام کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ پونم پربھاکر نے معمولی زخمی مریضوں سے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ، پولیس اور محکمہ صحت کے عہدیدار بہتر تال میل کے ساتھ زخمیوں کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ کے بعد خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور مستقبل میں حادثات کی روک تھام کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔1