سری نگر،3 جون (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں چہارشنبہ کی صبح مارے گئے تین جنگجوؤں میں سے ایک جنگجو آئی ای ڈی ایکسپرٹ تھا جس کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان پاکستان سے ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہلوک پاکستانی جنگجو نے افغانستان میں بھی جنگجویانہ کارروائیوں میں حصہ لیا تھا اور وہ اس کار آئی ای ڈی کا ماسٹر مائنڈ تھا جس کو سیکورٹی فورسز نے 28 مئی کو پلوامہ میں ہی ضبط کرکے تباہ کیا۔موصوف آئی جی نے مہلوک پاکستانی جنگجو کی شناخت عبد الرحمان عرف فوجی بھائی عرف فوجی بابا کے بطور کی اور کہا کہ وہ سال 2017 سے جنوبی کشمیر میں سرگرم تھا۔پولیس کنٹرول روم سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وجے کمار نے کہا: ‘آج صبح پلوامہ میں ایک انکاؤنٹر کے دوران جیش محمد سے وابستہ تین ملی ٹنٹ مارے گئے ان میں سے ایک آئی ڈی ایکسپرٹ بھی ہے جو پاکستان کے ملتان کا رہنے والا ہے ، اس نے افغانستان لڑائی میں بھی حصہ لیا ہے ‘۔پریس کانفرنس کے دوران فوج کی وکٹر فورس کے جی او سی میجر جنرل اے سنگپتا اور سی آر پی ایف کے ایک سینئر افسر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا: ‘وہ (مہلوک جنگجو) پلوامہ بلکہ پورے جنوبی کشمیر میں سال 2017 سے سرگرم تھا اور کئی واقعات میں ملوث تھا، وہ سال 2019 کے انکوائٹر جس میں کامران مارا گیا تھا، کے دوران بھاگنے میں کامیاب ہوا تھا’۔موصوف آئی جی نے کہا کہ مہلوک پاکستانی جنگجو اس کار بم کا ماسٹر مائنڈ تھا جس کو پلوامہ میں سیکورٹی فورسز نے 28 مئی کو ضبط کرکے تباہ کیا تھا۔