حیدرآباد 3 ڈسمبر (پی ٹی آئی) شہر کے قریب ایک 25 سالہ ویٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے سنگین واقعہ کے بعد لڑکی کا نام اور شناخت ظاہر کرنے کے علاوہ ملزمین کی تصاویر جاری کرنے والے چند نیوز چیانلس اور سوشل میڈیا اداروں کے خلاف سخت نوٹ لیتے ہوئے پولیس نے نوٹس جاری کی ہے۔ اس واقعہ کی تحقیقات کرنے والی سائبرآباد پولیس نے کہاکہ چند پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے بھی اِس ضمن میں خبریں اور تصاویر جاری کیا جس سے تحقیقات کا عمل متاثر ہوا ہے۔ چنانچہ اُنھیں فوجداری قانون ضابطہ کی دفعہ 149 کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے اس قسم کا مواد نشر کرنے سے روک کیلئے کہا گیا ہے۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے منگل کو کہاکہ میڈیا اور سوشیل میڈیا پر مہلوک لڑکی اور ملزمین کی تصاویر مسلسل گشت کررہی ہیں جنھیں روک دیا جانا چاہئے۔