مہلوک گینگسٹر بھونگیر نعیم کی بیوی ، دیگر چار افراد کے ساتھ گرفتار

,

   

بے نامی جائیدادوںکی فروخت پر کارروائی ، 88لاکھ روپئے نقد ، زیورات اور 3کاریں ضبط

حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) نے بدنام زمانہ گینگسٹر نعیم عرف بھونگیر نعیم کی بیوی اور اُس کے 4 ساتھیوں کو غیر مجاز طور پر بے نامی جائیدادیں فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت نے میڈیا کو بتایا کہ سال 2016 ء میں نعیم کے انکاؤنٹر کے بعد اُس کی بیوی حسینہ بیگم اور اُس کے ساتھیوں پاشم سرینواس، محمد عبدالظیر، محمد عبدالفہیم اور ٹی سرینواس کو گینگسٹر کی مدد کرنے اور اُس کے ساتھ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر اُنھیں گرفتار کیا تھا۔ جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگئے اور مہلوک گینگسٹر کی جانب سے حاصل کردہ بے نامی جائیدادوں کو غیرقانونی طور پر فروخت کرنے لگے اور عوام کو دھوکہ دے رہے تھے۔ بھاگوت نے کہاکہ نعیم نے کئی جائیدادوں کو جبراً حاصل کیا تھا اور کئی معصوم افراد کو اپنے ظلم کا نشانہ بنایا تھا۔ گینگسٹر کی غیرقانونی سرگرمیوں کے لئے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم قائم کی تھی اور تحقیقات کے دوران ایس آئی ٹی نے کئی بے نامی جائیدادوں کا پتہ لگایا تھا۔ ایس او ٹی نے نعیم کی بیوی اور اُس کے ساتھیوں کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 88 لاکھ نقد رقم، 3 قیمتی گاڑیاں اور طلائی زیورات برآمد کرتے ہوئے اُنھیں عدالت میں پیش کیا اور بعدازاں اُنھیں جیل منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ دو دن قبل رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مہیش بھاگوت نے نعیم کے ساتھیوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں ناکام ہونے کے نتیجہ میں ڈپٹی کمشنر پولیس بھونگیر زون ای رامچندرا ریڈی کا تبادلہ کردیا گیا تھا۔