مہلک ہتھیارفروخت کنندے گرفتار، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) مہلک ہتھیاروں کا غیر قانونی طور پر کاروبار کرنے والے تین افراد کو کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر رادھا کشن راؤ کے مطابق رتن راجکمار ساکن عطا پور علاقہ سدی عنبر بازار میں مہاویر گفٹ کے نام سے گفٹس اور ناولٹیز کی دکان چلاتا تھا۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر مناسب آمدنی نہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے مہلک ہتھیاروں تلوار اور خنجر کا کاروبار شروع کیا اور ان ہتھیاروں کو شادی کی بارات اور جلوس میں استعمال کیا جاتا تھا۔ گفٹس آئٹم کے کاروبار کی آڑ میں اس نے مہلک ہتھیار حاصل کرلئے اور اپنے ایک ملازم انکت لال اور سید خلیل عرف سونو کی مدد سے مہلک ہتھیاروں کو فروخت کررہا تھا۔ اتنا ہی نہیں سید خلیل نے تلواروں کو فروخت کرنے کیلئے اپنے واٹس ایپ پر ہتھیاروں کی تفصیلات پیش کیا جس کی مدد سے ٹاسک فورس پولیس نے اس ٹولی کا پتہ لگاتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم محمد عبدالجاوید کی اس کارروائی میں ٹاسک فورس نے 87 تلواریں اور 8 خنجر برآمد کرلئے۔ گرفتار ملزمین کو مزید کارروائی کیلئے سیف آباد پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔B