کولمبو۔12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر سری لنکا مہندا راجہ پکسے کے بھائی گوٹابھایا راجہ پکسے جمعہ کے روز امریکہ سے وطن واپس آگئے اور ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی اپنی امریکی شہریت سے دستبردار ہوجائیں گے تاکہ جاریہ سال کے اواخر میں منعقد شدنی صدارتی انتخابات میں حصہ لے سکیں۔ یاد رہے کہ سابق وزیر دفاع گوٹابھاہا راجہ پکسے کو آئندہ صدارتی انتخابات کے لیے کلیدی امیدوار قرار دیا گیا ہے کیوں کہ مہنداراجہ پکسے ملک کے دستور کے مطابق تیسری مرتبہ صدارتی عہدہ کے لیے انتخابات نہیں لڑ سکتے۔ گوٹابھایا سری لنکا اور امریکہ دونوں ممالک کے شہری ہیں، بہ الفاظ دیگر دوہری شہریت کے حامل ہیں۔ موصوف امریکہ کے ایک خانگی دورہ کے بعد وطن واپس آگئے اور کہا کہ امریکہ میں ان کے قیام کے دوران انہوں نے امریکی شہریت سے دستبرداری اختیار کرنے کے اقدامات کرلیے ہیں۔ امریکہ سے واپسی کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات بتائی۔ اپنے بھائی مہنداراجہ پکسے کے دس سالہ دور حکومت (2005-2015ء) کے دوران گوٹابھاہا راجہ پکسے نے ایل ٹی ٹی ای کے خلاف کارروائی کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا جس کے بعد سری لنکا سے ایل ٹی ٹی ای کا صفایا ہوگیا۔ سری لنکا میں صدارتی انتخابات وسط نومبر اور وسط ڈسمبر کے دوران منعقد کئے جائیں گے۔