ممبئی: بالی ووڈمیں مہندر کپور کا نام ایک ایسے گلوکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے تقریباً پانچ دہائیوں تک اپنے رومانوی نغموں سے ناظرین کے دلوں میں اپنی انفرادی شناخت بنائی ہے ۔ مہندر کپور کی پیدائش 9 جنوری 1934کو امرتسر میں ہوئی تھی۔ بچپن سے ہی ان کا رجحان موسیقی کی جانب تھا۔ انہوں نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم حسن لال ۔ بھگت رام ، استاد نیازاحمد خان، استادعبدالرحمان خان اور پنڈت تلسی داس شرما سے حاصل کی۔مہندر کپور گلوکار محمدرفیع سے کافی متاثر تھے اوروہ انہی کی طرح گلوکار بننا چاہتے تھے ۔ اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کے لئے وہ ممبئی آگئے ۔ انہیں سب سے پہلا موقع موسیقار نوشاد نے فلم سوہنی مہیوال میں دیا جہاں ان کا گایا ہوا گیت چاند چھپا اور تارے ڈوبے رات غضب کی آئی بیحد مقبول ہوا۔مہندر کپور نے کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھوتے ہوئے ایک سے بڑھ کر ایک نغمہ گاکرناظرین کو مسحور کردیا۔ مہندر کپور اپنے فلمی کیرئیرمیں تین مرتبہ سرفہرست گلوکار کے فلم فیئر ایوار ڈ سے نوازے گئے ۔ سال 1967 میں آئی فلم ‘اپکار’ کا نغمہ ‘میرے دیش کی دھرتی سونا اگلے ’ کے لئے انہیں سرفہرست پلے بیک سنگر کے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا اور 1972 میں وہ پدم شری اعزاز سے سرفراز کئے گئے ۔