مہنگائی، بے روزگاری کیخلاف سماجوادی پارٹی کا اسمبلی تک پیدل مارچ

   


پولیس کے روکنے پر اکھلیش یادو دھرنے پر بیٹھے گئے‘ آر ایل ڈی ارکان اسمبلی کا حکومت کے خلاف احتجاج

لکھنؤ: اتر پردیش میں مانسون سیشن آج سے شروع ہو ا۔ سماج وادی پارٹی نے امن و امان، مہنگائی جیسے مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر لی ہے۔ اکھلیش یادو کی قیادت میں تمام ایم ایل اے اور ایم ایل سی نے پارٹی دفتر سے اسمبلی تک پیدل مارچ نکالا۔ سماج وادی پارٹی کی طرف سے یہ مارچ بے روزگاری، مہنگائی، خواتین کے خلاف جرائم اور امن و امان کی ابتر حالت سمیت مختلف مسائل کے خلاف نکالا گیا۔ اس دوران پولیس نے انہیں روک دیا، جس کے بعد اکھلیش یادو وہیں دھرنے پر بیٹھ گئے۔ اکھلیش یادو کے ساتھ ایم ایل اے بھی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ اس مارچ کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد کو تعینات کیا گیا تھا۔ بعد میں اکھلیش یادو نے اپنا دھرنا ختم کرکے ایس پی آفس کیلئے روانہ ہوگئے۔دوسری طرف آر ایل ڈی کے تمام ارکان اسمبلی نے بھی اسمبلی کے باہر ہاتھ میں بینر اور تختیاں لے کر حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ آر ایل ڈی ممبران اسمبلی نے لمپی وائرس سے گائیوں کی موت، دلتوں پر مظالم، بجلی بحران، کسانوں اور نوجوانوں کے ساتھ ہو رہی ناانصافی سے متعلق مسائل پر احتجاج کیا۔وہیں، چیف منسٹرٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سماجوادی پارٹی کے مارچ کے حوالہ سے کہا کہ ریاست میں انارکی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کسی بھی جماعت اور فرد کو جمہوری طریقے سے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے، اگر وہ اجازت مانگتے ہیں تو پولیس انہیں مناسب تحفظ اور راستہ فراہم کرتی ہے، مگر سماجوادی پارٹی سے امن و امان کی پاسداری کرنا ایک خیالی بات ہے۔ دوسری طرف اکھلیش یادو نے حکومت پر اپوزیشن کو نظر اندازکرنے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو بھی پورا نہیں کیا ہے ۔ جی ایس ٹی میں اضافہ کردیا ۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور عوام اس صورتحال سے مشکلات کا شکار ہیں لیکن حکومت ان باتوں پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ تمام محاذوں پر ناکام اتر پردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اپوزیشن کا سامنا نہیں کرنا چاہتی ہے۔حکومت اپوزیشن کا سامنا کرنا کیوں نہیں چاہتی ہے؟ حکومت اپوزیشن کا سامنا اس لئے نہیں کرنا چاہتی کیونکہ وہ تمام محاذوں پر ناکام ثابت ہو چکی ہے! اکھلیش نے کہا ’’موجودہ حکومت میں بدعنوانی اپنے شباب پر ہے۔ نوجوانوں کو ملازمت اور روزگار کے جو خواب دکھائے تھے وہ سب جھوٹے ثابت ہوئے۔ آج ہر چیز کی خانگیانے سے نوجوانوں بے روزگار ہورہے ہے۔