کانگریس کے ساتھ صدائے احتجاج بلند کرنے عوام سے خواہش: نرملا جگا ریڈی
ظہیرآباد۔ صدر ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی ضلع سنگاریڈی شریمتی نرملا جئے پرکاش جگا ریڈی نے آج یہاں آدرش نگر کالونی میں صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد این گریدھر ریڈی کے کیمپ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل ہند کانگریس کمیٹی اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر 12 جولائی کو ضلع ہیڈ کوارٹر سنگاریڈی میں پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف سائیکل اور بنڈی ریالی منعقد ہوگی جبکہ پٹرول پمپس کے قریب دستخطی مہم کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے بڑے پیمانے پر اس احتجاجی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ خوردنی تیلوں سے لیکر ترکاریوں تک کی قیمتیں بھی آسمان کو چھورہی ہیں لیکن افسوس کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے کانگریس کے اس احتجاجی پروگرام میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کرنے کی خواہش کی۔ اس موقع پر سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی توباجی اننت کشن، حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے پانچوں منڈلوں اور میونسپلٹی ظہیرآباد ٹاؤن کے پارٹی صدور ایم ہنمنت راؤ پاٹل، پی سرینواس ریڈی، رام لنگا ریڈی، بی سرینواس ریڈی، محمد مقصود علی ، کے نرسملو، سوسائٹی چیرمین ملکارجن ریڈی، نائب صدر منڈل پریشد راملو، صدر کانگریس ظہیرآباد مائناریٹی سیل محمد جمیل الدین، صدر کانگریس ظہیرآباد ٹاؤن مائناریٹی سیل محمد معز الدین ، سابق معاون رکن منڈل پریشد اکبر حسین، سابق رکن بلدیہ طاہرہ بیگم ، زیڈ پی ٹی سی ونیلا نریش کمار، یوتھ کانگریس قائدین نریش گوڑ، محمد جعفر، این ایس یو آئی قائدین ہرش وردھن ریڈی، ناگی ریڈی کے علاوہ محمد فاروق علی، محمد نعیم احمد اور دوسرے موجود تھے۔