پیرس : فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ منتخب ہو گئے، تو عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نجات دلائیں گے۔ ماکروں نے یہ بات 10اپریل کو ہونے والی انتخابی رائے دہی کے پہلے مرحلے سے تقریباً ایک ہفتہ قبل پیرس کے نواح میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران میکرون نے ہزار ہا شہریوں کے ایک بڑے سیاسی اجتماع میں شریک ہو کر ان سے خطاب کیا۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ ان کی حکومت پہلے ہی بجلی اور گیس کی قیمتوں کو محدود رکھنے کے لیے تقریباً 20 بلین یورو کی سرمایہ کاری کر چکی ہے اور آئندہ وہ اس میں مزید اضافہ کریں گے۔ اپنی مرکزی حریف اور انتہائی دائیں بازو کی سیاست دان مارین لے پین پر تنقید کرتے ہوئے میکرون نے فرانسیسی معاشرے میں انتہا پسندی کے خطرات سے خبردار بھی کیا۔