مہنگائی نے مزید 7 کروڑ افراد کو غربت میں دھکیل دیا

   

ایشین ڈیو لپمنٹ بینک کی رپورٹ میں انکشاف
دبئی : کورونا وائرس کی عالمی وبا اور قیمتوں میں اضافہ نے ایشیا کے ترقی پذیر ممالک میں تقریباً 7 کروڑ مزید افراد کو انتہائی غربت میں دھکیل دیا ہے۔ میڈیاکے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے جمعرات کو جاری رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ سال کے اعداد و شمار کے مطابق ایشیا اور پیسیفک کے ترقی پذیر ممالک میں تقریباً 15 کروڑ 52 لاکھ یعنی علاقہ کی آبادی کا 3.9 فیصدانتہائی غربت میںہے ۔ترقی پذیر ایشیا میں جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے علاوہ ایشیا پیسیفک کی 46 معیشتیں شامل ہیں۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے چیف اکنامسٹ ایلبرٹ پارک کا کہنا ہے کہ ایشیا اور پسیفک کے ممالک آہستہ آہستہ کورونا سے بحال ہو رہے ہیں لیکن مہنگائی نے غربت کو ختم کرنے کی کوششوں میں پیش رفت کو شدید متاثر کیا ہے۔2017 کے اعداد و شمار کے مطابق انتہائی غربت کی تعریف 2.15 ڈالر یومیہ سے کم پر زندگی گزارنے کے طور پر کی گئی ہے۔زیادہ تر ممالک میں افراط زر گزشتہ سال کئی برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس سے تقریباً ہر شخص متاثر ہوا ہے لیکن غربت کا شکار افراد زیادہ بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔غریبوں کیلئے کھانے اور ایندھن پر خرچ کرنا تو مشکل ہوا ہے ہی لیکن ساتھ ہی ساتھ صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کیلئے بچت کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ایلبرٹ پارک کا کہنا ہے کہ غریبوں کیلئے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعہ ملازمتوں اور ترقی کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔