مہنگائی کم کرنے کے لیے حکومت کا بڑا قدم، خام سویابین آئل کی درآمد پر 2 سال تک ٹیکس نہیں لگے گا

   

نئی دہلی: بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں خوردنی تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت ہند نے 20 لاکھ میٹرک ٹن تک کے لیے خام سویا بین تیل اور خام سورج مکھی کے بیجوں کے تیل کی درآمد کو 2 سال کے لیے ڈیوٹی فری کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے موجودہ شوگر سیزن کے دوران چینی کی برآمد کو 100 لاکھ ٹن تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے حکومت ہند نے گندم کی برآمدات پر پابندی لگانے اور پیٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بعد اب ملک میں درآمد شدہ خوردنی تیل اور چینی کی دستیابی کو بڑھانے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے 20 لاکھ میٹرک ٹن تک کے خام سویا بین تیل اور سورج مکھی کے خام تیل کی درآمد کو 2 سال کے لیے ڈیوٹی فری کر دیا گیا ہے اس فیصلے کا اطلاق بدھ سے ملک بھر میں ہو گیا ہے۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ہندوستان اپنے سورج مکھی کے تیل کا تقریباً 90 فیصد یوکرین اور روس سے درآمد کرتا تھا۔ روس-یوکرین جنگ کی وجہ سے سپلائی میں رکاوٹ کے بعد، ہندوستانی کمپنیاں اور درآمد کنندگان اب سورج مکھی کا تیل درآمد کرنے کے لیے نئے ممالک اور منڈیوں کی تلاش میں ہیں۔