جے پور: ملک میں بڑھتی مہنگائی کے سلسلے میں کانگریس کی مرکز میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) حکومت کے خلاف 12 دسمبر کی ریلی اب قومی راجدھانی دہلی کے بجائے راجستھان کی راجدھانی جے پور میں منعقد کی جائے گی۔اس ریلی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی لیڈر راہول گاندھی سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈر اور ہزاروں کارکنان شرکت کریں گے ۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور ریاستی انچارج اجے ماکن جمعہ کو ریلی کی تیاریوں کا جائزہ لینے جے پور آرہے ہیں اور اس سلسلے میں وزیر اعلی اشوک گہلوت اور کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ دوتاسرا سے بات چیت کریں گے ۔ وینوگوپال کے مطابق 12 دسمبر کو دہلی کے دوارکا میں ہونے والی کانگریس کی ریلی کو انعقاد کی اجازت نہ ملنے کے بعد اس اس ریلی کو جے پور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی مہنگائی کے خلاف دہلی میں ریلی منعقد کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ دوارکا میں ریلی کی اجازت دی گئی تھی اور ریلی کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئیں۔