مہنگائی کیلئے وزیراعظم مودی ذمہ دار : کانگریس

,

   

نئی دہلی: کانگریس نے منگل کو اشیائے ضروریہ کی آسمان چھوتی قیمتوں کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہیں ’مہنگائی مین‘ قرار دیا اور کہا کہ لوگ کمر توڑ مہنگائی سے پریشان ہیں اور حکومت لوگوں کو راحت دینے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے کہا کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں لیکن حکومت عوام کو راحت دینے کیلئے کچھ نہیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ اشیائے خوردونوش کا وزن کم کرکے ان کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت چاہے تو اکسائز ڈیوٹی میں کمی کرکے عوام کو بڑی راحت دے سکتی ہے ۔ ڈیزل کی قیمت کم ہوگی تو ٹرانسپورٹ کی قیمت کم ہوگی اور سبزیاں اور ضروری چیزیں سستی ہوجائیں گی۔ اشیائے خوردو نوش کی قیمت زیادہ اور وزن کم کرکے ملک کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے ۔ اشیا کا وزن کم کرکے زیادہ قیمت پر فروخت کئے جانے کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے 80 گرام کے بسکٹ پانچ روپے میں ملتے تھے جو اب کم کر کے 50 گرام کر دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح پہلے چائے کی پتی 250 گرام کی 70 روپے میں دستیاب تھی۔ نمکین اب 32 گرام کیلئے 10 روپے میں دستیاب ہے ، جو پہلے 65 گرام تھا۔