کمس، عثمانیہ ، گاندھی اور دیگردواخانوں کے ڈاکٹرس دستیاب ،ہزاروں روپئے کے ٹسٹ انتہائی سستے
حیدرآباد ،15 فروری (سیاست نیوز) اس مہنگائی کے زمانے میں جہاں ایک پیالی چائے کی قیمت 25 روپئے ہے وہیں کمس، عثمانیہ ، گاندھی اور دیگر معروف دواخانوں کے تجربہ کار اور ماہر ڈاکٹروں کی فیس اگر صرف 20 روپئے کہا جائے تو یہ ناقابل یقین بات ہوگی لیکن یہ حقیقت ہے ۔ شہر سکندرآباد کے علاقے رسول پورہ میں قائم رفاہی طبی ادارہ کے ایس ایس چیریٹیبل ہیلتھ کیئر سنٹر ناقابل یقین فیس میں معیاری علاج فراہم کر کے عوامی حلقوں میں مقبول ہوچکا ہے ۔مذکورہ ادارے کے ذمہ دار شیخ نعیم نے روزنامہ سیاست کے نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان سے خصوصی ملاقات میں تفصیلات فراہم کیں اور کہا کہ یہ سنٹر کریا سنگھ سوسائٹی کے زیرِ انتظام چل رہا ہے اور یہاں عام مارکیٹ قیمتوں کے مقابلے میں نہایت کم قیمت پر معائنے، تشخیصی سہولتیں اور ادویات دستیاب ہیں۔ دیگراسپتالوں میں جہاں ڈاکٹرکی فیس عموماً 300 سے 1000 روپے تک ہوتی ہے، وہیں اس سنٹر میں صرف 20 روپے میں ڈاکٹر سے معائنہ ممکن ہے، جوعام افرادکے لیے کسی بڑی نعمت سے کم نہیں ۔اس سنٹر میں مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر راجیو ارب (ایم بی بی ایس، ڈی این بی نیمز، پی جی ڈپلومہ ریمیٹولوجی برطانیہ) کنسلٹنٹ ریمیٹولوجسٹ،ڈاکٹر ڈورتھی پلاما (ایم بی بی ایس، ڈی جی او) کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ و آبسٹیٹریشن،ڈاکٹر انجالی مودی (ایم بی بی ایس، ایم ڈی) کنسلٹنٹ اینستھیزیولوجسٹ،ڈاکٹر جویریہ جہانگیر (ایم بی بی ایس، ایم ایس) سینئر گائناکالوجسٹ و آبسٹیٹریشن،ڈاکٹر سعیدہ عائشہ (ایم بی بی ایس، ایم ایس) کنسلٹنٹ ای این ٹی سرجن،ڈاکٹر سہاسنی گیتا (ایم بی بی ایس، ڈی پی ایم) کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ،ڈاکٹر مسکان منیر سولکر (ایم بی بی ایس) جنرل فزیشن،ڈاکٹر برکت علی (ایم بی بی ایس، پی جی ڈپلومہ کلینیکل کارڈیالوجی عثمانیہ) کارڈیالوجی ماہر،ڈاکٹر سمیرالدین صدیقی (ایم بی بی ایس، ایم ڈی اِنٹرنل میڈیسن) جنرل فزیشن،ڈاکٹر بی راما راو (ایم بی بی ایس، ڈی پی ایچ اے یو) جنرل فزیشن،ڈاکٹر ٹی ٹیپو سلطان (ایم بی بی ایس، پی جی ڈی سی سی) جنرل فزیشن قابل ذکر ہیں۔ اس سنٹر میں جنرل فزیشن، گائناکالوجی، کارڈیالوجی، ریمیٹولوجی، ڈائیبیٹولوجی، سائیکاٹری، پیڈیاٹرکس، پلمونولوجی، ای این ٹی، آپتھامولوجی، ڈینٹل اور فزیوتھراپی سمیت متعدد شعبے فعال ہیں۔ یہاں بلڈ ٹسٹ، ای سی جی، ٹو ڈی ایکو، ایکس رے، سی ٹی اسکین، ایم آرآئی اور الٹراساؤنڈ سمیت کئی تشخیصی سہولتیں مارکیٹ ریٹ سے 70 تا 80 فیصد کم قیمت پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ مثال کے طور پر دیگر مراکز میں الٹراساؤنڈ اسکین عموماً 1500 سے 4000 روپے تک ہوتا ہے جبکہ اس سنٹر میں مختلف اسکین صرف 500 روپے میں کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ای سی جی اور کارڈیالوجسٹ مشاورت دیگراسپتالوں میں 1500 روپے یا اس سے زیادہ میں ہوتی ہے مگر یہاں900 روپے میں دستیاب ہے۔ یہ رفاہی منصوبہ ڈیپ ٹرسٹ اور نیسم کی سرپرستی میں چل رہا ہے جبکہ تاپاڈیا ڈائیگناسٹک سنٹر پرائیویٹ لمیٹڈ اور روشنی ٹرسٹ سمیت دیگر ادارے تعاون کر رہے ہیں۔ اس سنٹر سے علاج کروانے والے عوام نے کہا ہے کہ مہنگے علاج کے اس دور میں اس طرح کے رفاہی طبی مراکز غریب اور متوسط طبقے کے لیے امید کی کرن ہیں، جہاں کم قیمت میں ماہر ڈاکٹروں کی خدمات میسر ہیں اور بروقت علاج ہو رہا ہے۔