اسلام آباد : پاکستان کے لیے گزشتہ چند برس زیادہ خوشگوار نہیں رہے۔ سیاسی تفریق، معاشی پریشانیاں، سیلاب، بیروزگاری اور مہنگائی، ان سب نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں۔ لیکن زندگی رواں ہے، سماجی اور اقتصادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ مگر کیسے؟ اگر آپ نے کبھی سوچا ہے کہ طرح طرح کے اقتصادی اور سماجی مسائل کے باوجود پاکستانی معاشرہ کس بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے، تو اس کا جواب بہت سے سماجی دانشوروں کے’عام آدمی کا عام آدمی سے ہمدردانہ رویہ‘ ہے۔ سماجی دانشور اور مصنف احمد اعجاز کا ڈی ڈبلیو اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں بظاہر کچھ بھی ٹھیک نہیں چل رہا۔ اس کے باوجود کچھ بھی تعطل کا شکار نہیں۔ لوگوں کی شادیاں، کاروبار اور روزمرہ کے معمولات جاری ہیں، جس کی وجہ عام لوگوں کا ایک دوسرے سے ہمدردانہ رویہ ہے۔ ہمارا معاشرہ ہمدردی کی بنیاد پر کھڑا ہے۔