جی ایس ٹی، ڈیزل کی قیمت میں اضافہ، ای وے بل پر احتجاج
حیدرآباد: مرکز کی مودی حکومت کی پالیسیوں، پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، جی ایس ٹی اور ای وے بل کے خلاف ہندوستان بھر کے تاجروں نے 26 فروری جمعہ کے دن ’بھارت بند‘ کا اعلان کیا ہے۔ کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس نے مہنگائی پر فوری قابو پانے کیلئے مودی حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے ’ بھارت بند ‘ کا فیصلہ کیا۔ تقریباً 40,000 ٹریڈ اسوسی ایشنوں نے اس بند کی تائید کی ہے جو ملک بھر کے 8 کروڑ تاجروں کی نمائندہ تنظیم ہے۔ مزید برآں روڈ ٹرانسپورٹیشن کمپنیوں کی یونینوں آل انڈیا ٹرانسپورٹ ویلفیر اسوسی ایشن نے بھی اسی دن چکہ جام کا اعلان کیا ہے۔ دونوں اسوسی ایشنوں نے نئے ای وے بل کو برخواست کرنے کا مطالبہ کیا یا اس بل میں چند شرائط کو ہٹانے پر زور دیا۔تاجروں نے حکومت پر یہ بھی زور دیا کہ وہ پٹرولیم اشیاء خاصکر ڈیزل پر عائد کردہ بھاری ٹیکس کو واپس لے۔