مہوبہ کی خواتین نے راکھی بھیج کر وزیراعظم سے ایمس کا مطالبہ کیا

   

مہوبہ : طبی خدمات کی کمی سے دوچار بندیل کھنڈ کے مہوبہ کی سینکڑوں خواتین نے وزیر اعظم نریندر مودی کو راکھی بھیج کر بطور تحفہ ‘ایمس’ کا مطالبہ کیاہے تاکہ یہاں کے لوگوں کو علاج کی کمی سے اپنی جان سے ہاتھ نہ دھونا پڑے ۔سماجی تنظیم ‘بندیلی سماج’ کی قیادت میں جمعہ کو مہوبہ میں چلائی جانے والی پی ایم کو راکھی بھیجو مہم میں ڈھائی ہزار سے زائد طلبہ و طالبات، خواتین اور عام لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ بنڈیلوں نے وزیر اعظم کورکشا سوترا کے ساتھ جذباتی اپیل بھرے خط لفافے میں رکھ کر ڈاک سے بھیجے ۔ ان خطوط میں یہاں صحت خدمات کی کمی کی وجہ سے مرنے والے خاندانوںاور پڑوسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کے سب سے پسماندہ علاقے میں ایمس کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے تصور پر کام کرنے والی مرکزی حکومت کو یہاں طبی اور صحت کی سہولیات کی بنیادی ضرورت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنا چاہئے ۔وزیراعظم نریندر مودی کو راکھی بھیجنے والی ایک خاتون متھلیش نے بتایا کہ وہ مہوبہ ضلع کے کبرئی علاقہ کی رہنے والی ہیں۔ جہاں گرینائٹ پتھر کی کان کنی کا کاروبار ہوتا ہے ۔ شہر کی آب و ہوا میں ہر وقت مٹی کے دھند کی موجودگی کی وجہ سے 80فیصد آبادی سنگین بیماری سیلیکوسس کی لپیٹ میں ہے ۔ غربت کی وجہ سے لوگ علاج کے لیے بڑے ہاسپٹلس تک نہیں پہنچ پاتے اور لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔