ڈبل بیڈ روم مکانات کا مطالبہ، عزیز پاشاہ، منیر پٹیل اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔یکم ؍اکٹوبر، ( سیاست نیوز) غریب مسلمانوں کو مکانات کی فراہمی میں حکومت کی ناکامی کے خلاف سی پی آئی کی جانب سے مہیشورم اسمبلی حلقہ میں جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین نے شرکت کی اور سی پی آئی کی جدوجہد میں تائید کا یقین دلایا۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ، تنظیم انصاف کے صدر منیر پٹیل، آر گوپال، شنکر نائیک اور دوسروں نے شرکت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہیشورم اسمبلی حلقہ کے تحت موجود سینکڑوں غریب خاندانوں کیلئے امکنہ اراضی یا پھر ڈبل بیڈ روم مکانات الاٹ کئے جائیں۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ غریب اور بے گھر افراد کو سہارے کی عدم فراہمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ نو برسوں میں اپنے وعدہ کی تکمیل نہیں کی۔ صدر انصاف منیر پٹیل نے کہا کہ امکنہ اراضی اور ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد برسوں سے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور اطراف کے علاقوں میں غریب خاندان جھونپڑ پٹیوں میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ سی پی آئی نے غریب خاندانوں کیلئے جدوجہد کا تیقن دیا ہے۔ غریبوں کے مسائل اور ان کے حل کے موضوع پر منعقدہ جلسہ عام میں مقامی افراد نے شرکت کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی کی جدوجہد سے خود کو وابستہ کیا۔