مہیشورم میں مسلم خواتین میں شادی مبارک چیکس کی تقسیم

   

وزیر داخلہ محمد محمود علی اور وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی شرکت

حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ پچھلے 9 برسوں میں تلنگانہ نے مثالی ترقی کی ہے اور ملک کی دیگر ریاستوں میں اسے نمبرون پوزیشن حاصل ہے۔ وزیر داخلہ آج حلقہ اسمبلی مہیشورم کے جل پلی میں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے ہمراہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مسلم خواتین میں شادی مبارک کے 313 چیکس، 180 سلائی مشین اور معذورین میں بیاٹری سے چلنے والی 80 ٹرائی سائیکلس کی تقسیم عمل میں آئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام مستحق افراد کو اسکیمات سے استفادہ کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی فلاح و بہبود کے سی آر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گذشتہ 9 برسوں میں اقلیتوں کی بہبود پر 9163 کروڑ خرچ کئے گئے جبکہ تشکیل تلنگانہ سے پہلے متحدہ آندھرا پردیش میں اقلیتی بہبود پر صرف 1200 کروڑ خرچ کئے گئے تھے۔ جاریہ سال بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے 2200 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت تاحال 2.65 لاکھ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے 2225 کروڑ کی امداد جاری کی گئی۔ مہیشورم حلقہ میں شادی مبارک کے تحت 61 کروڑ تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ روپئے امدادی اسکیم کے دوسرے مرحلہ کے تحت عنقریب مزید 10 ہزار اقلیتی افراد میں چیکس جاری کئے جائیں گے۔ اوورسیز اسکالر شپ کے تحت 29743 طلبہ میں 438.65 کروڑ جاری کئے گئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی کیلئے تلنگانہ کی اسکیمات کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ اس موقع پر صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحاق امتیاز اور دوسرے موجود تھے۔
تلنگانہ ٹراویل اسوسی ایشن جائنٹ ایکشن کمیٹی کی تشکیل
پولیس ہراسانی اور دیگر مسائل پر حکومت سے نمائندگی
حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ٹراویل اسوسی ایشن جائنٹ ایکشن کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی جس میں ٹرانسپورٹ کی تین بڑی تنظمیں شامل ہیں جو تقریباً 750 ٹورس اینڈ ٹراویلس آپریٹرس کی نمائندگی کرتی ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ کیابس اینڈ بس آپریٹرس اسوسی ایشن، سکندرآباد کنٹاکٹ کیریج بس اونرس اسوسی ایشن اور تلنگانہ ٹورس اینڈ ٹراویلس اونرس اسوسی ایشن نے جائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی۔ کے گوند راجو جے اے سی کے صدرنشین ہوں گے جبکہ کے گوپال ریڈی صدر اور سید نظام الدین کو جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ جے اے سی میں مزید اسوسی ایشنوں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ سید نظام الدین نے بتایا کہ ٹراویل آپریٹرس کئی مسائل سے دوچار ہیں جن میں ٹراویل پرمٹ، روڈ ٹیکس سسٹم اور ٹیکسوں میں اضافہ کے علاوہ ٹریفک پولیس کی ہراسانی شامل ہیں۔ تین رکنی کمیٹی معظم احمد، کے سرینواس راؤ اور کے وینکٹیش گوڑ پر مشتمل تھی۔
جس نے تینوں تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں اہم رول ادا کیا۔ جے اے سی کے ذریعہ مسائل کے حل کیلئے حکومت اور حکام سے نمائندگی کی جائے گی۔