مہیشورم میں میڈیکل کالج کی منظوری ، میٹرو ٹرین پراجیکٹ میں توسیع کا تیقن

   

اسمبلی چنائو میں بی آر ایس کی کامیابی یقینی، مجالس مقامی کے لیے فنڈس منظور، ہریتاہارم پروگرام سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد: 19 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے رنگاریڈی ضلع کے مہیشورم اسمبلی حلقہ کے لیے کئی اعلانات کئے ہیں۔ اس حلقہ کی نمائندگی کرنے والی وزیر تعلیم سبیتااندرا ریڈی کی اپیل پر چیف منسٹر نے میڈیکل کالج کی منظوری کا اعلان کیا۔ کے سی آر نے آج یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے حصہ کے طور پر رنگاریڈی ضلع کے تمالور فارسٹ اربن فارسٹ پارک میں ہریتاہارم کے 9 ویں مرحلہ کے پروگرام میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے مہیشور اسمبلی حلقہ کے لیے میڈیکل کالج کی منظوری کا اعلان کیا اس کے علاوہ تمالور کو ایک برقی سب اسٹیشن منظور کرنے سے اتفاق کیا۔ سب اسٹیشن کے قیام سے علاقہ میں زرعی، صنعتی اور گھریلو اغراض کے لیے برقی کی سربراہی میں بہتری آئے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کاموں کی جلد از جلد تکمیل کی جائے گی۔ کے سی آر نے بی ایچ ایل سے مہیشورم تک میٹرو ریل کی توسیع کا بھی چیف منسٹر نے وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ تک میٹرو ریل کو توسیع دی جارہی ہے اور حکومت مہیشورم تک ریلوے لائین بچھانے کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کے عوام کی سہولت کے لیے بی ایچ ای ایل سے کندوکور تک میٹرو ریل کو توسیع دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے مہیشورم کے تحت مجالس مقامی کے لیے بھی خصوصی ترقیاتی فنڈس کی منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس تقاریب کے ضمن میں تمالور میں ایک کروڑ روپئے کے صرفہ سے کمیونٹی ہال تعمیر کیا جائے گا۔ کمیونٹی ہال کو یوم تاسیس 10 سالہ تقاریب ہال سے موسوم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے مہیشورم اسمبلی حلقہ کے تحت 65 گرام پنچایتوں کو فی کس 15 لاکھ روپئے ترقیاتی فنڈس کی منظوری دی۔ بڈنگ پیٹ اور میرپیٹ میونسپل کارپوریشنوں کے لیے فی کس 50 کروڑ کے ترقیاتی فنڈس منظور کئے گئے۔ انہوں نے مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں سے خواہش کی ترقیاتی فنڈ کا موثر استعمال کریں۔ چیف منسٹر نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں دوبارہ کامیابی ہماری ہوگی اس میں شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ گزشتہ 8 برسوں میں ہم نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کو مختلف شعبہ جات میں مزید ترقی کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں کام جاری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فارسٹ عہدیداروں پر حملوں کے واقعات کو روکنے کے لیے پولیس اسٹیشن کی طرز پر فارسٹ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ 20 نئے فارسٹ اسٹیشنوں کی ضرورت ہے جسے جلد منظور کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہریتاہارم کے تحت پودوں کی تقسیم کیلئے 100 کروڑ کا بجٹ منظور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تمام طبقات کی بھلائی اور ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ معذورین کے پنشن میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجیکٹ کو روکنے کانگریس قائدین ذمہ دار ہیں۔ سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر کانگریس قائدین نے پراجیکٹ پر حکومت التوا حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ارکان اسمبلی کو ہریتاہارم پروگرام پر عمل آوری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ پالمور رنگاریڈی پراجیکٹ 85 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست بھر میں ہریتاہارم پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور مجموعی طور پر 7.7 فیصد گرینری میں اضافہ ہوا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی، وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری اور مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔ر