مہیشورم کی ترقی کیلئے بی آر ایس کو ووٹ دینا ضروری

   

انتخابی مہم کے آخری دن سبیتا اندرا ریڈی کی رائے دہندوں سے اپیل
حیدرآباد۔28۔نومبر(سیاست نیوز) عوام کسی کے بہکاوے میں آئے بغیرحلقہ اسمبلی مہیشورم سے بی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنائیں تاکہ حلقہ مہیشورم کی ترقی میں رکاوٹ پیدا نہ ہو بلکہ حلقہ اسمبلی کی ترقی کا سلسلہ جاری رہے۔ محترمہ پی سبیتا اندراریڈی نے آج انتخابی مہم کے آخری دن رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ 30 نومبر کو اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرکے ریاست کی ترقی کے سلسلہ کو جاری رکھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی مجموعی ترقی اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں بھارت راشٹرسمیتی نے جو خدمات انجام دی ہیں اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ محترمہ سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی مہیشورم میں عوام نے انہیں جس طرح کی محبت سے نوازا ہے اس کے بعد انہیں یقین ہے کہ عوام اپنے ووٹ بھی ان کے حق میں استعمال کرکے کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی مہیشورم سے اگر وہ کامیاب نہیں ہوتی ہے تو حلقہ کی ترقی کی رفتار سست ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی مہیشورم میں موجود اقلیتی غالب آبادیوں والے حلقہ جات اسمبلی میں جو ترقیاتی کام برسوں سے زیر التواء تھے انہیں گذشتہ 5 برسوں میں انجام دیا گیا ۔