مہیش بابو کا نیا اندازانٹرنیٹ پر چھاگیا

   

حیدرآباد ۔ اداکار جوڑے مہیش بابو اور نمرتا شروڈکر نے تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی تاکہ سی ایم ریلیف فنڈ کے لئے 50 لاکھ کا چیک حوالے کیا جا سکے۔ اس ملاقات کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر تبصروں کا ایک نیا سیلاب لادیا ہے جہاں نیٹیزنس نے سوپر اسٹار مہیش بابو کی انسان دوستی کی تعریف کی وہیں تمام انٹرنیٹ صارفین مہیش بابوکی نئی شکل پر اپنی توجہ مرکوز کرلی ، صارفین کی ایک بڑی تعداد نے انہیں جان وِک یا جیسس جیسا نظر آنے کی بات کہی ہے ۔ مہیش بابو نے پچھلے کچھ مہینوں میں اپنے بال اور داڑھی کو کافی بڑھایا ہے، لیکن اداکار نے حالیہ تصاویر میں زیادہ تر اپنے سرکو ٹوپی سے ڈھانپ رکھا تھا لیکن جب انٹرنیٹ نے سی ایم ریونت ریڈی کی ایک پوسٹ میں ان کے نئے روپ کی صحیح جھلک دیکھی تو اس بارے میں بحث چھڑگئی کہ آیا وہ اپنے والد اور ماضی کے سوپر اسٹارکرشنا کی طرح نظر آتے ہیں ، بالکل ایسے ہی جب انہوں نے سانتھی سندیسم میں جیسس کا کردار ادا کیا تھا یا جان وِک میں کیانو ریوزکا روپ ۔ مہیش بابوکو آخری بار ترویکرم سری نواس کی فلم گنٹور کرم میں دیکھا گیا تھا، جہاں انہوں نے سرییلا، رامیا کرشنا، پرکاش راج اور جیرام کے ساتھ اداکاری کی تھی۔ انہوں نے ابھی تک ایس ایس راجامولی کے ساتھ اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ شروع نہیں کی ہے جسے ایکشن ایڈونچر قرار دیا جاتا ہے۔ فلم کی کاسٹ اور عملے کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے لیکن اس نئی شکل نے مداحوں کے جوش وجذبہ کو ساتویں آسمان پر پہنچادیا ہے کیونکہ یہ فلم ایک ہزار کروڑ کے سرمایہ سے بنائی جارہی ہے جو کہ اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہے ۔