مہیش بابو کی فلم وارانسی 7 اپریل 2027 کو ریلیز ہوگی

   

حیدرآباد، 30 جنوری (آئی اے این ایس) یہ اب باضابطہ ہو چکا ہے کیونکہ نامور ہدایت کار ایس ایس راجامولی نے تصدیق کردی ہے کہ اداکار مہیش بابو کی مرکزی کردار والی انتہائی انتظار کی جانے والی پین انڈیا میگا فلم وارانسی آئندہ سال 7 اپریل 2027 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ اگرچہ گزشتہ کچھ عرصے سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ فلم 7 اپریل کو ریلیز ہوگی، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق جمعہ کے روز سامنے آئی۔ راجامولی نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر فلم کا ریلیز ڈیٹ پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ‘‘7 اپریل 2027… وارانسی’’ ۔ مہیش بابو نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر یہی الفاظ شیئر کیے۔ واضح رہے کہ اس فلم کو ابتدا میں ’گلوب ٹراٹر‘ کے نام سے پکارا جا رہا تھا، تاہم گزشتہ سال حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں منعقدہ ایک شاندار تقریب کے دوران فلم کے اصل نام ’وارانسی‘کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں ہزاروں جوش و خروش سے بھرپور مداحوں نے شرکت کی۔ فلم کے عنوان کی اس تقریب کو ایک نسل میں ایک بار ہونے والا شاندار منظر قراردیا گیا، جہاں ہزاروں مداحوں کی موجودگی نے اسے ہندوستانی تفریحی صنعت کی تاریخ کے سب سے بڑے لائیو فین ایونٹس میں شامل کردیا۔ اس موقع پر فلمی تقریب کے لیے اب تک کا سب سے بڑا اسٹیج تیارکیا گیا تھا، جس کی اونچائی 100 فٹ اور اسکرین کی چوڑائی 130 فٹ تھی۔ فلم ساز پہلے ہی مہیش بابو، پرتھوی راج اور پرینکا چوپڑا کے کرداروں اور اندازکا انکشاف کر چکے ہیں۔ فلم میں پرتھوی راج منفی کردارکْمبھ اداکر رہے ہیں، جبکہ پرینکا چوپڑا کا کردار ماندکنی ہے۔ مہیش بابو فلم میں رْدھرا کے کردار میں نظر آئیں گے۔ تقریب کے دوران راجامولی نے فلم کے ایک خصوصی حصے کی شوٹنگ سے متعلق تفصیلات بھی بتائیں تھی ۔ ان کے مطابق یہ حصہ ان کے کیریئر کے یادگار ترین مناظر میں شامل ہوگا۔ راجامولی نے کہا بچپن سے ہی میں یہ کہتا آیا ہوں کہ مجھے رامائن اور مہابھارت بے حد پسند ہیں اور مہابھارت بنانا میرا خواب تھا۔ جب میں نے اس فلم پرکام شروع کیا تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میں اس میں رامائن کے ایک اہم منظر کی شوٹنگ کروں گا لیکن ہر منظر لکھتے ہوئے مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے میں فضا میں چل رہا ہوں۔ پہلے دن جب میں نے مہیش کو رام کے لباس میں فوٹو شوٹ کرتے دیکھا تو میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔