گن پارک سے گاندھی بھون تک ریالی ، پارٹی نے انتظامات مکمل کر لئے
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نو نامزد صدر ایم ایل سی بی مہیش کمار گوڑ 15 ستمبر کو دوپہر 2 بجے گاندھی بھون میں اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لیں گے ۔ کانگریس کی جانب سے بڑے پیمانے کی تیاریاں کی گئی ہیں ۔ امید کی جارہی ہے کہ اس تقریب میں کانگریس کے تقریبا 5 ہزار کارکن شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع سے شرکت کریں گے ۔ کانگریس ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مہیش کمار گوڑ اتوار کو 12 بجے اسمبلی کے روبرو گن پارک پر یادگار شہیداں کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ اس کے بعد ریالی میں گاندھی بھون پہونچیں گے ۔ تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپا داس منشی کل ہی حیدرآباد پہونچ چکی ہیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بشمول ریاستی وزراء پارٹی ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ اور اہم قائدین اس تقریب میں شرکت کریں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مہیش کمار گوڑ کو پردیش کانگریس صدارت کی ذمہ داری پیش کریں گے ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی منتخب مہیش کمار گوڑ کل ہی دہلی سے حیدرآباد واپس ہوئے ۔ اپنے دو دن قیام کے دوران انہوں نے کانگریس قومی صدر ملکاارجن کھرگے و دیگر قائدین سے خیر سگالی ملاقات کی ہے ۔ گاندھی بھون کے آس پاس 5 کلومیٹر تک کانگریس قائدین سے بڑے کٹ آوٹس اور بیانرس لگائے گئے ہیں ۔ 2