مہیش کمار گوڑ اور میناکشی نٹراجن کی پدیاترا کا کریم نگر سے آغاز

   

جگہ جگہ شاندار استقبال، کارکنوں میں جوش و خروش، ورنگل کے وردھنا پیٹ میں اختتام ہوگا
حیدرآباد۔ 24 اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی جنہیتا پدیاترا کے دوسرے مرحلہ کا آج کریم نگر کے چپادنڈی اسمبلی حلقہ سے ہوا۔ مہیش کمار گوڑ اور اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کے علاوہ ریاستی وزراء پونم پربھاکر، اے لکشمن کمار اور مقامی قائدین نے پدیاترا میں حصہ لیا۔ پدیاترا کے دوسرے مرحلہ کے آغاز کے موقع پر پارٹی کارکنوں اور عوام میں غیر معمولی جوش دیکھا جارہا ہے۔ حکومت اور پارٹی کو عوام سے قریب کرنے اور فلاحی اسکیمات کے فوائد سے واقف کرانے کے لئے پدیاترا کا آغاز کیا گیا۔ پہلے مرحلہ میں 4 اضلاع کے اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا گیا تھا۔ چپادنڈی پہنچنے پر عوام کی جانب سے کانگریس قائدین کا شاندار استقبال کیا گیا۔ راہول گاندھی، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور مہیش کمار گوڑ کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ کریم نگر پہنچنے پر مہیش کمار گوڑ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ جنہیتا یاترا کا چپادنڈی کے گنگادھر منڈل سے آغاز ہوا اور مختلف علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی گئی۔ یہ یاترا ورنگل کے وردھنا پیٹ اسمبلی حلقہ میں اختتام پذیر ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے سماجی انصاف کی فراہمی کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ راہول گاندھی نے ملک بھر میں سماجی انصاف کے لئے جدوجہد شروع کی ہے۔ کانگریس نے تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے ساتھ مجالس مقامی کے انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 ماہ میں ریونت ریڈی حکومت نے فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کے علاوہ نئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنہیتا یاترا کا مقصد عوام کو حکومت کی اسکیمات سے واقف کرانا ہے۔ یاترا کا عوام کی جانب سے جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ 1