صدر کل ہند کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے کے احکامات، پسماندہ طبقات کو کانگریس سے قریب کرنے ہائی کمان کا فیصلہ
حیدرآباد ۔6۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے بی مہیش کمار گوڑ کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور قانون ساز کونسل کے رکن ہیں۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینو گوپال نے آج نئی دہلی میں مہیش کمار گوڑ کے تقرر کا اعلان کیا۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے فوری اثر کے ساتھ مہیش کمار گوڑ کو تلنگانہ میں پارٹی کا صدر مقرر کیا ہے۔ پارٹی نے پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے اے ریونت ریڈی کی خدمات کی ستائش کی ہے۔ مہیش کمار گوڑ تلنگانہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کے چوتھے صدر ہیں ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سابق وزیر پنالا لکشمیا کو پردیش کانگریس کا پہلا صدر مقرر کیا گیا تھا ۔ اتم کمار ریڈی تلنگانہ میں کانگریس کے دوسرے صدر رہیں اور وہ اس عہدہ پر طویل عرصہ تک فائز رہے۔ موجودہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو تلنگانہ میں پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کیا گیا تھا اور 7 جولائی کو ان کی میعاد مکمل ہوئی۔ ریونت ریڈی کی صدارت میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں برسر اقتدار آئی اور لوک سبھا کی 8 نشستوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی۔ ریونت ریڈی کی میعاد کی تکمیل کے بعد نئے صدر کے انتخاب کے سلسلہ میں کافی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ بی سی، ایس سی اور ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین کے ناموں پر ہائی کمان نے غور کیا۔ طویل مشاورت اور تلنگانہ میں بی سی طبقات کو کانگریس سے قریب کرنے کیلئے بی مہیش کمار گوڑ کے نام کو منظوری دی گئی۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار گوڑ ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے تنظیمی امور کا بہتر تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہائی کمان اور چیف منسٹر کے درمیان رابطہ کار کا اہم رول ادا کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہائی کمان کو مہیش کمار گوڑ کے نام کی سفارش کی ۔ بی سی طبقہ سے عہدہ کے دوسرے دعویدار مدھو یاشکی گوڑ تھے۔ حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر تال میل کیلئے ہائی کمان نے چیف منسٹر کی سفارش کو ترجیح دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ کا انتخاب کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ 1986-90 کے درمیان نظام آباد این ایس یو آئی کے صدر رہے جبکہ 1990 میں انہیں این ایس یو آئی کا ریاستی صدر مقرر کیا گیا اور وہ 1998 تک اس عہدہ پر فائز رہے۔ مہیش کمار گوڑ سکریٹری انڈین یوتھ کانگریس ، سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ 2021 سے پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ انچارج تنظیمی امور کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے 2014 میں نظام آباد اربن اسمبلی نشست سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا۔ تلنگانہ میں بی سی طبقات میں گوڑ طبقہ کافی بااثر مانا جاتا ہے اور پسماندہ طبقات کو کانگریس سے قریب کرنے میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ پردیش کانگریس کے صدر مقرر کئے جانے پر کئی قائدین نے مہیش کمار گوڑ کو مبارکباد پیش کی۔ 1
مہیش کمار گوڑ کو جناب عامر علی خاں کی مبارکباد
حیدرآباد 6ستمبر (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل نے مہیش کمار گوڑ کو تلنگانہ پردیش کانگریس کا صدر مقرر کئے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ جناب عامر علی خاں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مبارکباد پیش کرکے امید ظاہر کی کہ مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں کانگریس تلنگانہ میں مزید مستحکم ہوگی۔ 1