نظام آباد۔ 11 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدی انتخابات کے موقع پر نظام آباد شہر کے سن فلاور ہائی اسکول میں صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ و رکن قانون نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نظام آباد کی سرزمین پر کانگریس کا پرچم ضرور لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جنم بھومی پر آئین ہند کی جانب سے عطاء کردہ حق رائے دہی کا استعمال کرنا ان کے لیے باعث فخرقراردیا ۔ مسٹر مہیش کمار گوڑ نے ووٹ کے حق کو آئین کا عطا کردہ عظیم تحفہ قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ لازماً اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ووٹنگ کا تناسب بڑھے گا تو عوام کی حقیقی خدمت کرنے والے باصلاحیت اور معیاری قائدین منتخب ہوں گے۔ انہوں نے ایسے قائد کی کامیابی کے خواہاں ہیں جو ہمیشہ عوام کے درمیان رہتا ہو اور ان کے مسائل سے واقف ہو۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلدی انتخابات میں بی جے پی مذہب کے نام پر عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم نظام آباد کے باشعور عوام ترقی کو ترجیح دیں گے اور فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہر کے عوام ترقی اور بہتر نظم و نسق کے حق میں فیصلہ سنائی گئی۔