مہیش کمار گوڑ نے شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا

   

جلوس کا اہتمام، گاندھی بھون میں جشن، باجہ اور آتشبازی
حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے یادگار شہیدان تلنگانہ گن پارک پہنچ کر شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا۔ گاندھی بھون میں پردیش کانگریس کی صدارت کی ذمہ داری قبول کرنے سے قبل مہیش کمار گوڑ نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچ کر گلہائے عقیدت پیش کئے۔اس موقع پر جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، ریاستی وزیر پونم پربھاکر، رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ مہیش کمار گوڑ کو جلوس کی شکل میں قیامگاہ سے گاندھی بھون لیجایا گیا۔ مہیش کمار گوڑ کھلی جیپ میں سوار تھے اور 500 کاروں کے طویل قافلہ کے علاوہ سینکڑوں کارکن جلوس میں شامل تھے۔ جگہ جگہ مہیش کمار گوڑ کا استقبال کیا گیا۔ گاندھی بھون پہنچنے پر نئے صدر پردیش کانگریس کا آتشبازی اور باجے سے استقبال کیا گیا۔ شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کارکن گاندھی بھون پہنچ چکے تھے اور نئے صدر کے انتخاب پر جشن کا ماحول تھا۔ جائزہ تقریب میں شرکت کیلئے قائدین کو پاسیس جاری کئے گئے تھے جس کے نتیجہ میں پولیس کو کارکنوں پر کنٹرول کرنے میں کافی دشواریاں پیش آئیں۔ گاندھی بھون اور اطراف علاقہ میں مہیش کمار گوڑ کے بڑے کٹ آؤٹس، فلکسیز اور پوسٹرس لگائے گئے تھے۔ دن بھر پارٹی کارکن باجے اور آتشبازی کا اہتمام کرتے رہے جس کے نتیجہ میں معظم جاہی مارکٹ سے نامپلی جانے والی سڑک پر بھاری ٹریفک جام دیکھا گیا۔ تمام اضلاع کے ضلع کانگریس صدور نے جائزہ تقریب میں شرکت کی۔ جائزہ لینے سے قبل مہیش کمار گوڑ نے خصوصی پوجا میں شرکت کی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی موجودگی میں صدارت کی ذمہ داری سنبھالی۔ مہیش کمار گوڑ نے سہ پہر 3 بجکر 16 منٹ پر پردیش کانگریس کی صدارت سنبھالتے ہوئے فائیل پر دستخط کئے۔ سابق صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بھی فائیل پر دستخط کئے۔1