مہیش کمار گوڑ کی جنہیتا پد یاترا ملتوی،موسلادھار بارش کے سبب فیصلہ

   

حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی دوسرے مرحلہ کی جنہیتا پد یاترا کو ریاست میں شدید بارش کے سبب ملتوی کردیا گیا۔ رکن اسمبلی راج ٹھاکر کے مطابق مہیش کمار گوڑ اور اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن کل 28 اگست کو نکریکل اور 29 اگست کو اچم پیٹ اسمبلی حلقوں میں جنہیتا پد یاترا کا اہتمام کرنے والے تھے۔ اس کے علاوہ 30 اگست کو جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے قائدین اور کارکنوں کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ حیدرآباد اور اضلاع میں مسلسل بارش کے پیش نظر تینوں پروگرامس ملتوی کردیئے گئے ۔ کانگریس نے 31 جولائی سے ریاست میں پد یاترا کا آغاز کیا تھا جس کے تحت پہلے مرحلہ میں چار اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا گیا۔ رنگا ریڈی ضلع میں پرگی سے پد یاترا کا آغاز ہوا۔ دوسرے مرحلہ کی پد یاترا وردھنا پیٹ کریم نگر ضلع سے شروع ہوئی اور ورنگل میں اختتام عمل میں آیا تھا۔ پارٹی نے بارش کی صورتحال کے معمول پر آنے کے بعد پد یاترا کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں کو پد یاترا کے التواء کی اطلاع دے دی گئی۔1