نامزد اور تنظیمی عہدوں میں پارٹی کیلئے کام کرنے والوں کو اہمیت دینے سے اتفاق
حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے پارٹی کیلئے وفادار اور پارٹی کے استحکام کیلئے کام کرنے والے قائدین کو پردیش کانگریس کی تنظیم جدید میں اہمیت دینے اور عہدوں کی تقسیم میں سماجی انصاف کرنے کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ کو مشورہ دیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ دہلی میں کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ان کی شریک حیات اور فرزند بھی شامل تھے۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اس ملاقات میں ریاست تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال بالخصوص کانگریس کے سینئر قائد ٹی جیون ریڈی کے پارٹی ہائی کمان کو روانہ کردہ مکتوب پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے، جس کی مہیش کمار گوڑ نے وضاحت کی۔ کے سی وینو گوپال نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو تنظیمی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے پر اپنی ساری توجہ دینے پر زور دیا۔ اس ملاقات میں پارٹی کے استحکام نئی کمیٹیوں کی تشکیل ریاست کی صورتحال پر تقریباً 40 منٹ تک تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مہیش کمار گوڑ نے اپنی جانب سے کئے گئے پروگرامس ہر ہفتہ ایک وزیر کی گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات کے پروگرام اور حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی کاموں کی انجام دہی، فلاحی پروگرامس پر عمل آوری کے تعلق سے تفصیلات پیش کی۔ اپوزیشن جماعتوں کے الزامات اور تنقیدوں کا منہ توڑ جواب دینے اور سوشل میڈیا کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات سے واقف کرایا۔ حکومت کے ترقیاتی و فلاحی پروگرامس کو عوام تک پہنچانے کیلئے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلانے سے بھی واقف کرایا۔ مختلف پروگرامس کے ذریعہ دیہی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کا وعدہ کیا۔ نامزد عہدوں کی تقسیم، پردیش کانگریس کمیٹی کی تنظیم جدید میں پارٹی کیلئے کام کرنے والے قائدین کو ہی اہمیت دینے کا کے سی وینو گوپال کو یقین دلایا۔ اس کے علاوہ ریاست کے ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر 2000 گز اراضی پر ڈی سی سی پارٹی آفس تعمیر کرنے کی تجویز پر روشنی ڈالی اور یہ بھی بتایا کہ اس سلسلہ میں ہر ضلع کلکٹر سے اراضی مختص کرنے کی درخواستیں داخل کی جائیں گی۔2