مہیش کمار گوڑ کی صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات

   

تمام طبقات کو ساتھ لے کر کام کرنے کا مشورہ ، مجالس مقامی کے چناؤ پر توجہ کی ہدایت
حیدرآباد ۔12۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی۔ پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری کے اعلان کے بعد ملکارجن کھرگے سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ مہیش کمار گوڑ نے افراد خاندان کے ساتھ ملکارجن کھرگے سے تقرر پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہائی کمان نے ان سے جو توقعات وابستہ کی ہیں ، وہ ان پر کھرا اترنے کی کوشش کریں گے ۔ اس موقع پر بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی اور خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر روہن ریڈی موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے نے مہیش کمار گوڑ کو مشورہ دیا کہ تمام طبقات کے قائدین کو ساتھ لے کر چلیں اور مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنائیں۔ پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے کئی سینئر قائدین نے دعویداری پیش کی تھی تاہم ہائی کمان نے بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار گوڑ کے نام کا انتخاب کیا۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مہیش کمار گوڑ کے نام کی سفارش کی کیونکہ وہ ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے تنظیمی امور کا تجربہ رکھتے ہیں۔ حکومت اور پارٹی میں بہتر تال میل کے لئے ہائی کمان نے چیف منسٹر کی سفارش کو قبول کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ کو صدارت کی ذمہ داری دی۔ مہیش کمار گوڑ نئی دہلی میں قیام کے دوران اے آئی سی سی کے دیگر قائدین سے ملاقات کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق مہیش کمار گوڑ نے پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل کے بارے میں ملکارجن کھرگے سے تبادلہ خیال کیا۔1