مہیش کمار گوڑ کی صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات

   

اکتوبر کے ا ختتام تک ضلع کانگریس صدور کا تقرر مبصرین 4 اکتوبر سے اضلاع کا دورہ کریں گے
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اکتوبر کے اواخر تک تلنگانہ میں ضلع کانگریس صدور کے تقرر کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔ مہیش کمار گوڑ نے آج نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرایا ۔ انہوں نے حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کے رول کا تذکرہ کیا ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں ووٹ چوری کے خلاف جاری مہم کے تحت دیہی علاقوں میں مختلف شعور بیداری پروگراموں کی تفصیلات سے ملکارجن کھرگے کو واقف کرایا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں فلاحی اسکیمات اور خاص طور پر 42 فیصد بی سی تحفظات پر عمل آوری کی حکمت عملی سے واقف کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کانگریس صدور کے تقرر کے لئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے مبصرین کی ٹیم تشکیل دی ہے۔ مبصرین اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ ملکارجن کھرگے نے ضلع کانگریس صدور کے عہدہ پر متحرک اور عوامی مقبولیت رکھنے والے قائدین کے انتخاب کی ہدایت دی ہے۔ مہیش کمار گوڑ کے مطابق اکتوبر کے اختتام تک ضلع کانگریس صدور کے تقررات کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مہم کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے قائدین اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ملکارجن کھرگے نے بنیادی سطح تک پارٹی کے استحکام اور گروہ بندیوں کے خاتمہ کی ہدایت دی۔ 4 ا کتوبر سے اے آئی سی سی کے مبصرین اضلاع کا دورہ کریں گے ۔ 15 ا کتوبر تک ہر ضلع میں ضلع کانگریس صدر کے عہدہ کے لئے 6 ناموں کی سفارش کی جائے گی۔1