حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : /30 مارچ (سیاست نیوز) سنسنی خیز اے پی مہیش کوآپریٹیو بینک کے سرور کو ہیک کرکے کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی کے معاملہ میں ملوث ایک نائجیریائی باشندے کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر سی وی آنند نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نومبر 2021 ء میں بیرونی ہیکرس نے ریمورٹ ایکسیس پروجن (RAT) کے ذریعہ بینک کو ای میلس روانہ کئے اور اس کی مدد سے سرور کو ہیک کرنے کے بعد مختلف بینک کھاتوں میں کروڑہا روپئے کی رقم 115 سے زائد بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی تھی اور مہاراشٹرا ، اترپردیش ، مغربی بنگال ، کیرالا اور شمالی ہند کے 7 ریاستوں کے 938 اے ٹی ایم مشین سے رقومات حاصل کرلئے گئے تھے ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور مختلف ٹیمیں گرفتاری کیلئے تشکیل دی گئی تھیں ۔ سائبر کرائم پولیس نے تکنیکی تحقیقات کے ذریعہ یہ پتہ لگایا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک سے بین الاقوامی ہائیکرس بینک کو نشانہ بنایا تھا ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس کیس کے کلیدی ملزم اکپا اسٹیفن اورجی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اوراسے نوئیڈا سے شہر منتقل کیا گیا ہے ۔ پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ بینک ملازمین کو ہیکرس کے حربوں سے واقف نہیں کیا گیا اور وہ وائرس کے ذریعہ بھیجے جانے والے ای میلس کو کھول کر اس کا تجزیہ کرتے ہیں جو دھوکہ بازوں کیلئے آسان ہوتا ہے ۔