مہیلا سمان یوجنا سے بی جے پی پریشان ‘ اسکیم رکوانا چاہتی ہے ۔ اروند کجریوال

   

بی جے پی اقتدار میں آجائے تو عوام کو دہلی چھوڑ دینی پڑے گی ۔ عام آدمی پارٹی سربراہ کا بیان

نئی دہلی : عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے مہیلا سمان یوجنا کے تحت خواتین کو ماہانہ 2100 روپئے فراہم کرنے کے اعلان پر پریشان ہوگئی ہے اور پارٹی شکست کے خوف سے اس اسکیم کو رکوانا چاہتی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اروند کجریوال نے لیفٹننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی جانب سے خواتین کی تفصیل اکٹھا کرنے کے عمل کی تحقیقات کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ سب کچھ فرضی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مالی فائدہ پہونچانے کا وعدہ انتخابی عہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مہیلا سماج یوجنا کے تحت اہل خواتین کو ماہانہ 2100 روپئے دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ ساتھ ہی معمر شہریوں کو سنجیونی یوجنا کے تحت مفت علاج کا وعدہ کیا ہے ۔ اس میں انکوائری یا تحقیقات کرنے جیسا کیا ہے ؟ ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی سے قربت رکھنے والے افراد اور پولیس کی جانب سے ان اسکیمات کیلئے رجسٹریشن کیمپس میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے ۔ بی جے پی ان اسکیمات کے اعلان سے پریشان ہو اٹھی ہے اور اس کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ یہ لوگ اپنے غنڈوں کو رجسٹریشن کے مقامات پر روانہ کرتے ہوئے کیمپس کو مسمار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان تمام نے پولیس کو بھی بھیجا ہے جس نے کیمپس مسمار کرنے کی کوشش کی ہے ۔ کجریوال نے خبردار کیا کہ اگر بی جے پی دہلی میں اقتدار پر آتی ہے تو مفت برقی ‘ خواتین کیلئے مفت بس سفر وغیرہ کو ختم کردیا جائیگا اور نئی اسکیمات پر بھی عمل نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہلی کے عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ اگر انہوں نے غلطی سے بھی بی جے پی کو ووٹ دیا تھا انہیں پھر دہلی چھوڑ دینی پڑے گی ۔ اس شہر کو عوام کیلئے رہائش کے قابل نہیں رکھا جائیگا ۔قبل ازیں دن میں لیفٹننٹ گورنر کے دفتر نے اعلان کیا تھا کہ مہیلا سماج یوجنا کے تحت خانگی افراد کی جانب سے خواتین کی تفصیلات حاصل کرنے کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ لیفٹننٹ گورنر نے دہلی چیف سکریٹری کو ہدایتد ی تھی کہ وہ انتخابات کے اعلان سے قبل مہم چلائے جانے کی شکایت الیکشن کمیشن سے بھی درج کروائیں۔