مہیلا کانگریس قائدین نے مودی اور یوگی کا علامتی پتلہ نذر آتش کیا

,

   

دلت لڑکی کو انصاف کا مطالبہ، کانگریس قائدین کے خلاف پولیس رویہ کی مذمت

حیدرآباد۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی مہیلا قائدین نے آج گاندھی بھون کے روبرو وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر اُتر پردیش یوتی آدتیہ ناتھ کا علامتی پتلہ نذر آتش کرتے ہوئے اُتر پردیش میں کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی مذمت کی۔ سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، رکن اسمبلی سیتکا، جنرل سکریٹری عظمیٰ شاکر، ترجمان اندرا شوبھن، سنیتا راؤ، سندھیا رانی اور دیگر مہیلا قائدین نے وزیر اعظم اور یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں تمام قائدین کو عوام میں جانے سے روکا نہیں جاسکتا لیکن کانگریس قائدین سے خوفزدہ ہوکر بی جے پی نے راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے دونوں قومی قائدین کے ساتھ بدتمیزی کا سلوک کرتے ہوئے مودی حکومت کے اشارہ پر انہیں متاثرہ خاندان سے ملاقات سے روکنے کی کوشش کی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ اُتر پردیش میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے اور یوگی حکومت صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ قومی قائدین کے خلاف پولیس کا یہ رویہ ملک بھر میں عوامی ناراضگی کا سبب بن چکا ہے۔ مہیلا قائدین نے وزیر اعظم اور چیف منسٹر اتر پردیش کو انتباہ دیا کہ وہ جمہوری اصولوں کے برخلاف کام کریں گے تو عوام بغاوت پر اُتر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سارا ملک راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ ہے اور کانگریس پارٹی متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔