مہیلا کانگریس کا چین کے وزیر خارجہ کے دورہ کے خلاف احتجاج

   

نئی دہلی۔آل انڈیا مہیلا کانگریس کے ارکان نے جمعرات کو دہلی کے وجے چوک میں چینی وزیر خارجہ کن گینگ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ گینگ راشٹرپتی بھون میں جاری جی20 اجلاس میں شرکت کے لیے دہلی میں تھے۔ مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے مہیلا کانگریس کی سربراہ نیتا ڈیسوزا نے کہا: “ہم چین کی مخالفت کر رہے ہیں کیونکہ اس نے ہمارے فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہونی چاہئے کیونکہ اس نے گلوان اور ڈوکلام میں ہندوستانی فوجیوں کی توہین کی ہے۔ ڈیسوزا نے کہا کہ گینگ کا ہندوستان میں پرتپاک استقبال فوج کی توہین ہے اور یہ احتجاج بہری حکومت تک پہنچانے کے لیے کیا گیا تھا۔ مظاہرین کو وجے چوک پر روک کر حراست میں لے لیا گیا۔ جی20 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں جملہ 40 ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔ اس ملاقات سے قبل گینگ نے کہا تھا کہ چین ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات دونوں ممالک اور ان کے عوام کے بنیادی مفاد میں ہیں۔