نئی دہلی: مہیلا کانگریس کے قیام کے 40 سال مکمل ہونے کے موقع پر مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے ایک وسیع آن لائن رکنیت کی مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کے ساتھ ایک ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا گیا جو مہم کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔نئی دہلی میں واقع کانگریس کے صدر دفتر میں منعقدہ اس تقریب کے دوران الکا لامبا نے بتایا کہ آل انڈیا مہیلا کانگریس نے 15 ستمبر 2024 کو اپنے40 برس مکمل کر لیے ہیں۔ مہیلا کانگریس کا قیام 40 برس قبل بنگلورو میں ہوا تھا اور اس وقت کی ملک کی پہلی وزیر اعظم بھارت رتن اندرا گاندھی نے اس کا قیام عمل میں لایا تھا۔الکا لامبا نے اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عہد کیا کہ مہیلا کانگریس ملک کی نصف آبادی کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف کے لیے مستقبل میں بھی جدوجہد جاری رکھے گی۔الکا لامبا نے مہم کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ مہیلا کانگریس نے اپنی ویب سائٹ متعارف کرائی ہے، جس سے ملک بھر میں آن لائن رکنیت حاصل کی جا سکتی ہے۔
رکنیت کے لیے join.aimc.in پر رجسٹریشن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ملک کی تمام خواتین سے اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ مہیلا کانگریس ناانصافی کا شکار خواتین کے ساتھ پوری طاقت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ اس کے علاوہ ارکان کو بااختیار بنانے کے لیے اس خصوصی قیادت کی تربیت کا پروگرام جلد ہی شروع کیا جائے گا۔مہیلا کانگریس کے یومِ تاسیس کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ نصف آبادی کو پورا حق ملنا ایک آئینی ذمہ داری ہے۔ کانگریس اس سمت میں پوری طرح سے پابند عہد ہے۔انہوں نے بتایا کہ نسوانی قوت نے آزادی کی لڑائی سے لے کر خلا کی پرواز تک قوم کی تعمیر میں اہم حصہ ادا کیا ہے۔لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہول گاندھی نے بھی مہیلا کانگریس کے یوم تاسیس پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہ کہ مہیلا کانگریس کی محنت ہندوستان کی خواتین کو بااختیار بنانے میں ایک اہم کردار رہی ہے۔ خواتین کے وقار، مساوات اور سلامتی کے لیے مہیلا کانگریس کی جدوجہد اور لگن کو سلام ہے۔