مہینہ بدلتا ہے، اطاعت الٰہی کا حکم ہمیشہ باقی رہتا ہے

   

رمضان کے بعد بھی نیکیوں کا سلسلہ جاری رکھیں، مسجد نور کاماریڈی میں جمعیۃ العلماء کا اجلاس، مفتی محمد زبیر قاسمی کا خطاب
کاماریڈی20 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسجد نور، اندرا نگر کالونی کاماریڈی میں جمعیۃ العلماء کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے اختتام کے موقع پر منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ العلماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری مفتی محمود زبیر قاسمی نے کہا کہ رمضان المبارک محض عبادات کا مہینہ نہیں بلکہ ہمدردی، غم خواری اور انسانیت کی خدمت کا عملی درس دیتا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جمعیۃ العلماء نے ہمیشہ مثبت اور قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف مواقع پر مظلوموں کی مدد کے لئے عدالتوں سے رجوع کیا گیا اور اللہ کے فضل سے نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زکوٰۃ اور صدقات کا ایک اہم مصرف وہ افراد بھی ہیں جو ناحق مقدمات میں گرفتار ہو کر جیلوں میں قید ہیں، جنہیں معمولی جرمانہ ادا نہ کر پانے کی وجہ سے رہائی نہیں مل پاتی، لہٰذا اہل خیر حضرات کو چاہیے کہ ایسے ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔مفتی محمود زبیر قاسمی نے نوجوانوں کی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج موبائل فون اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال نے نئی نسل کو متاثر کیا ہے، جس سے ذہنی اور اخلاقی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے والدین کو تلقین کی کہ وہ بچوں کی صحیح رہنمائی کریں اور انہیں دینی و اخلاقی اقدار سے جوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے بعد بھی نیکیوں کا سلسلہ جاری رکھنا ہی اس بات کی علامت ہے کہ ہماری عبادات قبول ہوئی ہیں، کیونکہ مہینہ بدلتا ہے مگر اللہ کی اطاعت کا حکم ہمیشہ باقی رہتا ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان المبارک کے تقاضوں پر عمل کرنے اور اپنی زندگیوں کو نیکی، تقویٰ اور خدمتِ خلق کے اصولوں کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس موقع پر صدر جمعیۃ العلماء ضلع کاماریڈی حافظ فہیم الدین منیری کو بانسواڑہ کے حالیہ فساد کے متاثرین کی کامیاب پیروی اور جیل سے رہائی پر مفتی محمود زبیر قاسمی نے تہنیت پیش کی اور اس سلسلے میں جمعیۃ العلماء کاماریڈی کی خدمات کو سراہا۔ علاوہ ازیں وکلا اور ذمہ داران سید عظمت علی، مقصود احمد ایڈوکیٹ اور دیگر سے بھی اظہارِ تشکر کیا گیا۔پروگرام کا آغاز حافظ محمد عبدالواجد حلیمی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ نائب صدر جمعیۃ العلماء کاماریڈی حافظ محمد یوسف حلیمی انور نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ محمد فیروز الدین، پریس سکریٹری جمعیۃ العلماء کاماریڈی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور اجلاس کے انتظامات انجام دیئے۔