عنقریب ناموں کے گزٹ کی اجرائی، ٹی آر ایس کامیابی کیلئے پرامید
حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ حیدرآباد میں میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 11 فروری کو ہوگا۔ کمیشن کے مطابق نو منتخب کارپوریٹرس کا پہلا اجلاس 11 فروری کو منعقد ہوگا جس میں میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کیا جائے گا ۔ نو منتخب کارپوریٹرس کی میعاد اجلاس کے پہلے دن سے 5 سال تک رہے گی۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن عنقریب نومنتخب ارکان کے نام تلنگانہ اسٹیٹ گزٹ میں شائع کرے گا ۔ اگر 11 جنوری سے قبل گزٹ جاری کیا گیا تو کارپوریشن کا پہلا اجلاس 11 فروری سے قبل ہوسکتا ہے ۔ میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب پر سیاسی جماعتوں نے توجہ مرکوز کرلی ہے ۔ ٹی آر ایس کو کارپوریشن میں 56 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور وہ 31 عوامی نمائندوں کی تائید سے دونوں عہدوں پر قبضہ کرنے کی حکمت عملی تیار کرچکی ہے ۔ ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے اور کارپوریشن میں ٹی آر ایس کے بااعتبار عہدہ 31 ارکان ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی حلیف جماعت مجلس سے مفاہمت کے ذریعہ ٹی آر ایس دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ بی جے پی 48 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت کا موقف حاصل کرچکی ہے۔ بی جے پی اس بات کی کوشش کرے گی کہ مجلس اور ٹی آر ایس میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن میں مفاہمت کریں تاکہ اسے دونوں کے اتحاد کو عوام میں پیش کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کا موقع حاصل ہوجائے گا۔