کیشوراؤ اور میئر حیدرآباد اپنے رشتہ داروں کو عہدہ کے خواہاں، کے سی آر کاکل قطعی فیصلہ
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کیلئے 24 گھنٹے باقی ہیں ایسے میں برسراقتدار پارٹی میں دونوں عہدوں کیلئے سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ میئر کا عہدہ خاتون ( جنرل ) کیلئے مختص کیا گیا لہذا اہم قائدین کے رشتہ دار نومنتخب خاتون ارکان نے اس عہدہ کیلئے اپنی دعویداری پیش کردی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریڈی اور کاپو طبقہ سے تعلق رکھنے والے نومنتخب ارکان کے حق میں کئی وزراء اور سینئر قائدین نے مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ اپنی دختر جی وجئے لکشمی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں ۔ ان کا تعلق بی سی طبقہ سے ہے اور بنجارہ ہلز ڈیویژن سے وہ منتخب ہوئیں۔ سینئر لیڈر اور رکن قانون ساز کونسل بھوپال ریڈی کی دختر سندھو آدرش ریڈی بھی اہم دعویداروں میں شامل ہیں یہ بھارتی نگر ڈیویژن سے منتخب ہوئی ہیں۔ بلدی انتخابات کی تکمیل کے بعد سے ہی آدرش ریڈی کا نام پارٹی حلقوں میں گشت کررہا ہے۔ سابق سی ایل پی لیڈر آنجہانی پی جناردھن ریڈی کی دختر پی وجیہ ریڈی نے بھی اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ موجودہ میئر بی رام موہن کی شریک حیات بی سری دیوی کیلئے بھی میئر نے کے ٹی راما راؤ کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رام موہن گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشست کے امیدوار کے بجائے اپنی اہلیہ کو میئر منتخب کرانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں انہیں کے ٹی راما راؤ کی تائید حاصل ہونے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دونوں عہدوں کیلئے بڑھتی دعویداری کو دیکھتے ہوئے اعلان کردیا کہ الیکشن کے دن دونوں امیدواروں کے نام مہربند لفافہ میں روانہ کئے جائیں گے اور جو بھی نام ہوں گے انہیں ووٹ دے کر منتخب کرنا ہوگا۔ ڈپٹی میئر کے عہدہ کیلئے بھی ٹی آر ایس میں کئی دعویدار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر جمعرات کی صبح دونوں عہدوں کے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیں گے۔