حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کارپوریشن کے پہلے اجلاس کے دوران 10 فروری سے قبل کیا جائے گا۔ 10 جنوری کے بعد منتخبہ ارکان کے گزٹ کی اشاعت عمل میں آئے گی۔ جی ایچ ایم سی ایکٹ کے مطابق جی ایچ ایم سی انتخابات کے بعد پہلا اجلاس اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے منتخبہ امیدواروں کے ناموں کے گزٹ کی اجرائی کے اندرون ایک ماہ منعقد کیا جانا چاہئے۔ پہلے اجلاس کی تاریخ سے نئی مجلس کی 5 سالہ میعاد کا آغاز ہوجائے گا۔ اِس طرح 10 جنوری سے قبل گزٹ میں منتخبہ ارکان کے ناموں کی شمولیت ہوتی ہے تو پہلا اجلاس 10 فروری سے قبل منعقد ہوگا اور پہلے اجلاس کے دوران میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کیا جائے گا۔ اِس طرح موجودہ مجلس تحلیل کردی جائے گی اور نئی مجلس بلدیہ کی میعاد کا آغاز ہوگا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ قواعد کے مطابق جی ایچ ایم سی کی موجودہ مجلس 5 سالہ مدت کے ختم سے پہلے تحلیل نہیں کی جاسکتی۔ قواعد کے مطابق جی ایچ ایم سی کی موجودہ مجلس کی 5 سالہ مدت کو کم نہیں کیا جاسکتا اور وہ 10 فروری 2021 ء تک برقرار رہے گی۔ جی ایچ ایم سی کے پچھلے انتخابات جنوری ۔ فروری 2016 ء میںمنعقد ہوئے تھے اور اس کی میعاد 11 فروری 2016 ء سے شروع ہوئی تھی۔
