زونل کمشنرس کو کاروں کی بجائے موٹر سائیکلوں پر دورہ کرکے جائزہ لینے کی ہدایت
حیدرآباد۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی نے آج شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پانی کی نکاسی اور بارش سے تباہ ہوئی سڑکوں کے مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ زونل آفیسرس اور دوسرے عہدیداروں کو کاروں کے بجائے بائیکس پر مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لینے اور اس کو فوری حل کرنے کی ہدایت دی۔ میئر حیدرآباد نے آج عنبرپیٹ، نارئن گوڑہ، حمایت نگر، بشیر باغ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حالیہ بارش سے نشیبی علاقوں میں جمع ہوئے پانی اور تباہ ہوئی سڑکوں کی مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں ایک اجلاس میں تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور بتایا کہ آج بھی شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے جس کی فوری پانی کی نکاسی کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بارش سے جن علاقوں میں سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے وہاں سڑکوں کی مرمت کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی زونل کمشنرس کو ہدایت دی۔ بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں کچرا جمع ہوگیا ہے۔ کچرے کے انبار کی جلد از جلد صفائی کرنے اور وبائی امراض کو کنٹرول کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کے طبی عہدیداروں کو احکامات جاری کئے۔ زونل کمشنرس، ڈپٹی کمشنرس، چیف انجینئر کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں کو کاروں کے بجائے موٹر سائیکلوں پر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لینے اور فوری اسکو حل کرنے پر زور دیا۔ ناکارہ سڑکوں کی مرمت، پینے کے پانی کی سربراہی، ٹوٹ کر گرنے والے درختوں کی صفائی، کچرے کی صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی پر فوری توجہ دینے کی بھی ہدایت دی۔ N