میئر حیدرآباد وجئے لکشمی کی چیف منسٹر سے ملاقات

   

ریونت ریڈی کا اتوار کو داناکشور، رونالڈروز کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 3 فبروری (سیاست نیوز) میئر حیدرآباد وجئے لکشمی نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جس پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فوری مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور اور جی ایچ ایم سی کے کمشنر رونالڈروز کو اتوار کے دن جائزہ اجلاس کیلئے طلب کرلیا۔ بعدازاں میئر حیدرآباد نے ان کی چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد پارٹی تبدیل کرنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جی ایچ یم سی کے مسائل، ترقیاتی اقدامات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے چیف منسٹر کی قیامگاہ پر ان سے ملاقات کرچکی ہیں۔ میئر حیدرآباد نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی یادداشت پیش کرچکی ہیں۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کی تشکیل، جنرل باڈی اجلاس کی طلبی، جی ایچ یم سی کی معاشی صورتحال پر وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے تبادلہ خیال کرچکی ہیں۔ چیف منسٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں جماعتوں کے کارپوریٹرس جنرل باڈی اجلاس منعقد کرنے کا دباؤ بنارہے ہیں۔ چند کارپوریٹرس ہائیکورٹ سے بھی رجوع ہوچکے ہیں۔ وہ جنرل باڈی اجلاس طلب کرنے کیلئے کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈروز کو مکتوب روانہ کرچکی ہیں۔ تاہم انہوں نے کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے جس پر وہ چیف منسٹر سے ملاقات کی ہے۔ چیف منسٹر نے فوری کمشنر جی ایچ ایم سی کو فون کرتے ہوئے اتوار کو داناکشور کے ساتھ ان سے ملاقات کرنے کی ہدایت دی۔2