میئر کے عہدہ کی دوڑ میں شامل 6 خاتون امیدوار منتخب

   

تین دعویداروں کو شکست ، ٹی آر ایس کو میئر کے انتخاب میں جلدی نہیں
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدہ کی دوڑ میں شامل 6 خواتین کو بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 3 دیگر دعویدار خواتین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میئر کے عہدہ کیلئے 9 مہیلا قائدین نے اپنی دعویداری پیش کرتے ہوئے مختلف قائدین کے ذریعہ سفارش کا عمل شروع کیا تھا ۔ میئر کے عہدہ کو خاتون کے لئے محفوظ کیا گیا ہے اور موجودہ میئر بی رام موہن کی جانشین خاتون ہوں گی۔ سدھا آدرش ریڈی (بھارتی نگر) ، سی ایچ وجئے شانتی (الوال) ، وجیہ ریڈی (خیریت آباد) ، وجئے لکشمی (بنجارہ ہلز) ، ایم کویتا ریڈی (وینکٹیشور کالونی ) اور ایم سری لتا ریڈی کو تارناکہ بلدی ڈیویژن سے کامیابی حاصل ہوئی جبکہ اُپل کے ٹی آر ایس رکن اسمبلی بی سبھاش ریڈی کی اہلیہ بی سوپنا ریڈی کو حبشی گوڑہ حلقہ سے جبکہ سابق میئر ٹی کرشنا ریڈی کی بہو ٹی سنیتا ریڈی کو موسیٰ رام باغ حلقہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ بی این ریڈی نگر سے موجودہ ٹی آر ایس کارپوریٹر ایم لکشمی پرسنا گوڑ کو شکست ہوئی۔ ٹی آر ایس کے ذرائع کے مطابق میئر کے عہدہ پر پارٹی قیادت فیصلہ میں جلد بازی نہیں کرے گی۔ کے ٹی راما راؤ نے واضح کردیا ہے کہ میئر کے عہدہ کے امیدوار کے انتخاب کے لئے پارٹی کے پاس فروری تک وقت ہے۔ 6 کامیاب خاتون امیدواروں میں میئر کے عہدہ کیلئے کون خوش قسمت رہے گا اس کا فیصلہ صدر پارٹی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کریں گے۔