شاہنواز قاسم آئی پی ایس کی مساعی ، کرپشن اور درمیانی افراد کا خاتمہ بنیادی مقصد،پوسٹل اور کوریئر سرویس سے معاہدہ
حیدرآباد۔21۔ مارچ (سیاست نیوز) وقف بورڈ سے میاریج اور دیگر سرٹیفکٹس کی اجرائی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے اور بروکرس کا رول ختم کرنے کیلئے نیا سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ قضاۃ سیکشن میں کرپشن اور درمیانی افراد کے رول سے متعلق بڑھتی شکایتوں کو دیکھتے ہوئے چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے عصری ٹکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے آن لائین درخواستوں کے ادخال اور گھر بیٹھے سرٹیفکٹس کے حصول کا عصری سسٹم متعارف کیا ہے ۔ تلنگانہ کے کسی بھی علاقہ سے عوام سرٹیفکٹس کیلئے آن لائین درخواست دے سکتے ہیں اور انہیں کوریئر سرویس یا پوسٹل کے ذریعہ سرٹیفکٹس پہنچا دیا جائے گا۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کا مقصد قضاۃ سیکشن میں درخواست گزاروں کے ہجوم کو روکنا اور بروکرس کے سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے ۔ شاہنواز قاسم آئی پی ایس کے مطابق سرٹیفکٹ کے لئے عوام قضاۃ سیکشن سے رجوع ہوسکتے ہیں لیکن وہاں بھی انہیں آن لائین درخواست داخل کرنا ہوگا۔ آن لائین درخواست کے ادخال کیلئے درخواست گزار کو فون پر OTP نمبر آئے گا اور اسی کے ذریعہ سرٹیفکٹ کیلئے فیس ادا کی جاسکتی ہے۔ کسی بھی درخواست کے ادخال کیلئے OTP نمبر کی شرط لازمی رہے گی۔ درخواست کے ادخال کے بعد ایس ایم ایس کے لئے درخواست گزار کو سرٹیفکٹس کی اجرائی کی تفصیلات دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ شخصی طورپر سرٹیفکٹس حوالے کرنے یا کوریئر کے ذریعہ روانہ کرنے سے قبل واٹس ایپ پر سرٹفیکٹس کی نقل روانہ کی جائے گی تاکہ اگر کوئی ترمیم ہو تو فوری انجام دی جاسکے۔ تتکال کیلئے 400 روپئے جبکہ آرڈنری سرویس کیلئے 300 روپئے فیس جمع کرنی ہوگی۔ آن لائین درخواستیں www.waqf.telangana.gov.in پر داخل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ اور کوریئر سرویس سے یادداشت مفاہمت کیلئے بات چیت جاری ہے ۔ اندرون ایک ہفتہ یادداشت مفاہمت کی تکمیل کے بعد حیدرآباد میں اندرون 24 گھنٹے اور اضلاع میں اندرون دو یوم سرٹیفکٹس گھر بیٹھے پہنچادیئے جائیں گے۔ ر
غیر تلگو داں افراد کیلئے تلگو اکیڈیمی کا کورس
حیدرآباد 21 مارچ (سیاست نیوز) حکومت کی پالیسی اور تلگو اکیڈیمی کے مقصد کے حصہ کے طور پر تلگو اکیڈیمی کی جانب سے غیر تلگو داں افراد بالخصوص مختلف سرکاری محکمہ جات میں برسرکار افراد کے لئے پابندی سے تلگو ٹیچنگ کورسیس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے چنانچہ اس اکیڈیمی کی جانب سے تلگو اسکرپٹ میں تعارفی کورس 4 اپریل سے 48 دن کے لئے منعقد کیا جارہا ہے جس سے کلاسیس کے اوقات شام 5.30 تا 7.30 بجے ہوں گے۔ اس کورس میں شرکت کے لئے کم از کم ایس ایس سی کامیاب امیدوار اہل ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے 31 مارچ تک ڈائرکٹر تلگو اکیڈیمی حمایت نگر کے پاس درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست فارمس آفس سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لئے 040-23226041 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔